13 نومبر 2026 - 19:54
عراقچی: ایران پر امریکی حملے اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جاپانی خبر رساں ادارے کیوڈو میں شائع ہونے والے اپنے مضمون میں امریکہ اور اسرائیلی حکومت کے ایران پر فوجی حملوں کو اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی اور ایران کی خودمختاری و علاقائی سالمیت پر حملہ قرار دیا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جاپانی خبر رساں ادارے «کیوڈو» میں شائع ہونے والے اپنے مضمون میں امریکہ اور صہیونی حکومت کے ایران کے خلاف فوجی حملوں کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مسلمہ اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔

اگر حکومتوں کو یہ آزادی حاصل ہو کہ وہ مستقبل میں ممکنہ خطرات کے اپنے اندازوں کی بنیاد پر ایک دوسرے پر حملہ کر سکیں تو بین الاقوامی قانونی نظام میں کیا باقی رہ جائے گا؟ یہ سوال ایران اور امریکہ کے درمیان سیاسی اختلافات سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ اس کا تعلق ان بنیادی اصولوں میں سے ایک سے ہے جن پر دوسری عالمی جنگ کے بعد قائم ہونے والا بین الاقوامی نظام استوار ہے: طاقت کے استعمال کو قانون کا پابند ہونا چاہیے اور کوئی بھی ریاست، خواہ کتنی ہی طاقتور کیوں نہ ہو، اپنے فیصلے کو بین الاقوامی قانون کے لازمی قواعد پر ترجیح دینے کا حق نہیں رکھتی۔

امریکہ اور اسرائیلی حکومت کے ایران کے خلاف فوجی حملے، طاقت کے استعمال پر عائد پابندی کی صریح خلاف ورزی اور ایران کی خودمختاری پر حملہ ہیں۔ ان حملوں کی قانونی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مستحکم اصولوں کی روشنی میں ہونا چاہیے، نہ کہ ان سیاسی دلائل اور جوازوں کی بنیاد پر جو فوجی کارروائی شروع ہونے کے بعد پیش کیے جاتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے منشور کی دفعہ 2، شق 4، کسی بھی ملک کی علاقائی سالمیت یا سیاسی آزادی کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کو ممنوع قرار دیتی ہے۔ یہ پابندی محض ایک معاہداتی ذمہ داری نہیں بلکہ بین الاقوامی عرفی قانون کا بھی بنیادی اصول ہے، جس کی عالمی عدالتِ انصاف نے 1986ء میں نکاراگوا کے مقدمے میں اپنے فیصلے کے ذریعے توثیق کی تھی۔

بین الاقوامی قانون صرف مخصوص اور محدود حالات میں طاقت کے استعمال کی اجازت دیتا ہے، جن میں منشور کی دفعہ 51 کے تحت حقِ دفاعِ مشروع کا استعمال بھی شامل ہے۔ امریکہ کے ایران پر فوجی حملے کے لیے نہ تو سلامتی کونسل کی اجازت موجود تھی اور نہ ہی مستقبل کے ممکنہ خطرات سے متعلق دعوے بذاتِ خود دفاعِ مشروع کے حق سے استناد کے لیے کافی قانونی بنیاد فراہم کر سکتے ہیں۔

دفعہ 51 مسلح حملے کی صورت میں دفاعِ مشروع کے حق کو تسلیم کرتی ہے۔ مستقبل میں ممکنہ خطرے کو فوجی کارروائی کی بنیاد قرار دینے کا مطلب یہ ہوگا کہ ریاستوں کو اپنی یک طرفہ تشخیص کی بنیاد پر پیشگی جنگ چھیڑنے کی اجازت دے دی جائے۔ اس طرح کی تشریح طاقت کے استعمال پر عائد پابندی کو شدید طور پر کمزور کر دے گی اور ممکن ہے کہ اسے عملی طور پر بے معنی بنا دے۔

امریکہ کی فوجی کارروائی کی قانونی حیثیت خود امریکی قانونی حلقوں میں بھی سوالات کی زد میں رہی ہے۔ انٹرنیشنل لا ایسوسی ایشن کی امریکی شاخ کے سربراہ نے 6 مارچ 2026ء کو جاری کردہ ایک بیان میں ایران پر حملے کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ مستقبل میں ممکنہ طور پر پیش آنے والے واقعات سے متعلق محض قیاس آرائیاں فوجی طاقت کے استعمال کا جواز نہیں بن سکتیں۔

ایران کے اسکولوں، کھیلوں کے میدانوں، شہری بنیادی ڈھانچے اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کی نگرانی میں موجود جوہری تنصیبات پر حملوں سے بھی کئی دیگر قانونی سوالات جنم لیتے ہیں۔ طاقت کے استعمال پر پابندی کے علاوہ ان حملوں کا جائزہ بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں کی روشنی میں بھی لیا جانا چاہیے۔

مسلح تنازع میں شریک فریقوں پر لازم ہے کہ وہ فوجی اہداف اور عام شہریوں کے درمیان فرق کریں، غیر متناسب حملوں سے گریز کریں اور شہریوں و شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان سے بچانے کے لیے تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 3314، جو جارحیت کی تعریف متعین کرتی ہے، کسی ملک کی مسلح افواج کی جانب سے دوسرے ملک کی سرزمین پر حملے اور اس کی بندرگاہوں یا ساحلی علاقوں کی ناکہ بندی جیسے اقدامات کو جارحیت کی مثالوں میں شمار کرتی ہے۔

طاقت کے استعمال کے کسی معتبر قانونی جواز کی عدم موجودگی میں، امریکہ کا ایران پر فوجی حملہ ایک بین الاقوامی طور پر غیر قانونی اقدام ہے، جس کی ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔

ریاستوں کی ذمہ داری سے متعلق بین الاقوامی قانون کے مطابق، جب کسی ریاست سے منسوب کوئی عمل اس کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کرتا ہے تو وہ ریاست بین الاقوامی ذمہ داری کی حامل ہو جاتی ہے۔ اس ذمہ داری کے تحت مخصوص قانونی نتائج مرتب ہوتے ہیں: متعلقہ ریاست پر لازم ہے کہ اگر غیر قانونی عمل جاری ہے تو اسے ختم کرے، آئندہ اس عمل کے اعادے سے متعلق مناسب ضمانتیں اور یقین دہانیاں فراہم کرے اور ہونے والے نقصان کا مکمل ازالہ کرے۔

سیاسی یا سلامتی سے متعلق تحفظات بذاتِ خود امریکہ کو اس کے اقدامات کے قانونی نتائج سے بری نہیں کر سکتے۔

بین الاقوامی قانون کے آمرانہ قواعد (Jus Cogens) سے پیدا ہونے والی سنگین خلاف ورزیوں کے دیگر ریاستوں پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ بین الاقوامی قانون دیگر ریاستوں کو پابند کرتا ہے کہ وہ قانونی ذرائع کے ذریعے ایسی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے تعاون کریں، ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتِ حال کو قانونی حیثیت دینے سے گریز کریں اور ایسی کسی مدد یا معاونت سے باز رہیں جو اس صورتِ حال کو برقرار رکھنے کا سبب بنے۔

ایران کو بھی مسلح حملے کے جواب میں اقوام متحدہ کے منشور کی دفعہ 51 کے تحت اپنے حقِ دفاعِ مشروع کو استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔ ایران بین الاقوامی قانون کی مقرر کردہ شرائط اور حدود کی پابندی کرتے ہوئے اس حق کو بروئے کار لا سکتا ہے۔

اس معاملے کی اہمیت ایران کی سلامتی یا مشرقِ وسطیٰ میں طاقت کے توازن سے کہیں آگے تک پھیلی ہوئی ہے۔ اصل خطرہ اس بین الاقوامی قانونی نظام کی ساکھ کو لاحق ہے جسے ریاستوں کی جانب سے من مانے طریقے سے طاقت کے استعمال کو روکنے کے لیے تشکیل دیا گیا تھا۔

اگر فوجی طاقت کو قانونی ذمہ داریوں پر فوقیت حاصل کرنے دی جائے اور جارحیت کے ذمہ دار ممالک کو جواب دہی سے بچنے کا موقع مل جائے تو کسی بھی ملک کی سلامتی کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

طاقت کے استعمال پر پابندی کوئی ایسا امتیاز نہیں جو طاقتور ممالک کمزور ریاستوں کو عطا کرتے ہیں، بلکہ یہ ایک لازمی ذمہ داری ہے جس کا اطلاق تمام ریاستوں پر یکساں ہوتا ہے۔

امریکی جارحیت کا خاتمہ، ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام اور غیر قانونی فوجی کارروائیوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ، یہ سب قانونی تقاضے ہیں، محض سیاسی حسنِ نیت کا اظہار نہیں۔

اگر طاقت کو قانون پر غالب آنے کی اجازت دی گئی تو اس صورتِ حال کا شکار صرف ایران نہیں ہوگا، بلکہ بین الاقوامی قانونی نظام کی بنیادیں اور خود اقوام متحدہ کے منشور کی ساکھ بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha